میرے نبیؐ کے سیدھا رستہ دکھا دیا ہے- خلد سخن (2009)

میرے نبیؐ نے سیدھا رستہ دکھا دیا ہے
توحید کا جہاں میں ڈنکا بجا دیا ہے

سرکارِ دو جہاںؐ نے قول و عمل سے اپنے
محنت کے سر پہ تاجِ عظمت سجا دیا ہے

موجوں کی سرکشی میں آقائے محترمؐ نے
امت کی کشتیوں کو ساحل دکھا دیا ہے

انساں کی دسترس میں ماہ و نجوم بھی ہیں
معراجِ مصطفیٰؐ نے پردہ اُٹھا دیا ہے

اس سوچ میں ابھی تک گم ہیں فلک کے تارے
اﷲ سے آدمی کو کس نے ملا دیا ہے

صحرا میں قافلوں کے سر پر کھڑا ہے سورج
سرکارؐ نے کرم کا خیمہ لگا دیا ہے

امی لقب نبیؐ نے دنیائے رنگ و بو میں
علم و ہنر کو سب کا پرچم بنا دیا ہے

حوا کی بیٹیوں کو دے کر ردائے رحمت
انسانیت کا دامن غم سے چھڑا دیا ہے

تُو نے ریاضؔ عشقِ سردارِ انبیاء میں
بوئے ثنا کا غنچہ لب پر کھلا دیا ہے