چراغِ نعتِ پیمبرؐ جلیں گے مَحشر تک- تحدیث نعمت (2015)
چراغِ نعتِ پیمبرؐ جلیں گے مَحشر تک
درود آپؐ پہ ہم بھی پڑھیں گے مَحشر تک
شفق، گلاب، شجر، روشنی، صبا، شبنم
بڑے خلوص سے مجھ کو ملیں گے محشر تک
دھنک نے رنگ نوا میں بکھیر رکھّے ہیں
ثنا کے پھول لبوں پر کِھلیں گے محشر تک
جو اسمِ نُور منوّر ہَے عرشِ اعظم پر
وہ اسم چاند ستارے لکھیں گے محشر تک
خدا کے فضل سے آقاؐ کی رہگذاروں میں
تمام پھول ادب سے بچھیں گے محشر تک
ہماری نَسل کے بچّے درود پڑھتے ہیں
سلام آپؐ کے در پر کریں گے محشر تک
بفیضِ نعتِ محمدؐ، افق افق سورج،
بشر کی کشتِ عمل میں اُگیں گے محشر تک
قلم کو چوم کے اُنؐ پر درود پڑھتے رہو
ورق ورق پہ ستارے بنیں گے محشر تک
ہمارے آئنے طیبہ کی دھول میں ہیں ریاضؔ
تمام عکس سلامت رہیں گے محشر تک