کرم کا ابر میرے خشک کھیتوں پر بھی برسے گا- تحدیث نعمت (2015)
کرم کا ابر میرے خشک کھیتوں پر بھی برسے گا
ہوائے سبز کا جھونکا کبھی آنگن سے گذرے گا
نبیؐ کے سائبانِ عافیت میں کچھ جگہ دے کر
اذیت ناک لمحوں سے خدا محفوظ رکھّے گا
لکھی ہَے جس نے قرآنِ مقدّس میں ثنا اُنؐ کی
ہتھیلی پر چراغِ نعت اِمشب بھی وہ رکھّے گا
اُنہیؐ کا نام دستاویز ہَے ہر عہدِ روشن کی
اُنہیؐ کا نام محشر تک اذانوں میں بھی گونجے گا
خدا کے فضل سے مجھ کو ملے گی چادرِ رحمت
قلم میرا پیمبرؐ کی ثنا لکھتا ہَے، لکھّے گا
بیاضِ نعت لے کر روح کا بے بال و پر پنچھی
جوارِ گنبدِ خضرا میں آہستہ سے اُترے گا