سائباں آپؐ ہیں مہرباں آپؐ ہیں، ہو کرم کی نظر خاتم الانبیاؐ- زم زم عشق (2015)

سائباں آپ ؐ ہیں، مہرباں آپ ؐ ہیں، ہو کرم کی نظر، خاتم الانبی ؐ
یا نبی ؐ، رحمتِ بیکراں آپ ؐ ہیں، ہو کرم کی نظر، خاتم الانبی ؐ

آرزوئے امم ؐ، آبروئے قلم ؐ، یا نبی ؐ آپ ؐ ہی ہیں چراغِ حرم
ساری مخلوق کے ترجماں آپ ؐ ہیں، ہو کرم کی نظر، خاتم الانبی ؐ

نازشِ مرسلیں ؐ، رحمتِ عالمیں ؐ، عارفِ عارفیں، خوشبوئے دلنشیں
علم و دانش کی ہر داستاں آپ ؐ ہیں، ہو کرم کی نظر، خاتم الانبی ؐ

ہر صدی کی جبیں میں ہیَ نور آپ ؐ کا، افتخارِ بشر ہے ظہور آپ ؐ کا
ریگ زاروں میں بھی گلفشاں آپ ؐ ہیں، ہو کرم کی نظر، خاتم الانبی ؐ

نَس لِ آدم یہ مقروض ہَے آج بھی، یا نبی ؐ، ہر طرف روشنی آپ ؐ کی
ہر زمانے کے میرِ زماں آپ ؐ ہیں، ہو کرم کی نظر، خاتم الانبی ؐ

آپ ؐ کے نقشِ پا سے چراغاں ہوا، پھول ہر ایک خوشبو بداماں ہوا
ہر جگہ، یا نبی ؐ، زرفشاں آپ ؐ ہیں، ہو کرم کی نظر، خاتم الانبی ؐ

آپ ؐ آئے تو جھوٹے خدا گر پڑے، ظلمتِ شب کے کوہِ گراں جل گئے
بعدِ محشر بھی روحِ اذاں آپ ؐ ہیں، ہو کرم کی نظر، خاتم الانبی ؐ

بعد ذاتِ خدا آپ ؐ ہی آپ ؐ ہیں، اِسطرف آپ ؐ ہیں اُس طرف آپ ؐ ہیں
سیدی ؐ! مرسلِ ؐ مرسلاں آپ ؐ ہیں، ہو کرم کی نظر، خاتم الانبی ؐ

آپ ؐ مہمانِ عرشِ بریں یا نبی ؐ، آپ ؐ کے نقشِ پا کی ہے تابندگی
رونقِ بزمِ نطق و بیاں آپ ؐ ہیں، ہو کرم کی نظر، خاتم الانبی ؐ

حشر کے دن کے شافع حضور ؐ، آپ ؐ ہیں، ہر کتابِ خدا کا شعور آپ ؐ ہیں
اک چراغِ حرا نورِ جاں آپ ؐ ہیں، ہو کرم کی نظر، خاتم الانبی ؐ

آسمانوںکا مالک خدا آپ ؐ کا، اس لئے حسنِ ارض و سما آپ ؐ کا
بن کے رحمت کراں تا کراں آپ ؐ ہیں، ہو کرم کی نظر، خاتم الانبی ؐ

اپنے خالق کے محبوب ؐ ہیں آپ ؐ ہی، ساری دنیا کے مقصود ہیں یا نبی ؐ
تاجدارِ حرم ؐ بے گماں آپ ؐ ہیں، ہو کرم کی نظر، خاتم الانبی ؐ

آدمی خود کشی کے دہانے پہ ہَے، ساری رسوائیوں کے نشانے پہ ہے
مرشدی ؐ! قائدِ ہر جہاں آپ ؐ ہیں، ہو کرم کی نظر، خاتم الانبی ؐ

کتنے خانوں میں تقسیم ہیں امتی، لے رہے ہیں ابھی ہچکیاں آخری
بے سہاروں کے بھی پاسباں آپ ؐ ہیں، ہو کرم کی نظر، خاتم الانبی ؐ

مَیں ریاضؔ ایک منگتا بھی ہوں آپ ؐ کا، آپ ؐ کو آپ ؐ کے رب نے سب کچھ دیا
ملکِ توصیف کے حکمراں آپ ؐ ہیں، ہو کرم کی نظر، خاتم الانبی ؐ