غبارِ شہرِ اقدس میں اتر جاؤں گا مَیں آقا ﷺ - تاجِ مدینہ (2017)

غبارِ شہرِ اقدس میں اتر جاؤں گا مَیں آقا ﷺ
مدینے کی فضاؤں میں بکھر جاؤں گا مَیں آقا ﷺ

ہے جب صلِّ علیٰ کا بادباں میرے سفینے پر
کسی بھی غم کے طوفاں میں اتر جاؤں گا مَیں آقا ﷺ

نشانِ بے نوائی کو بٹھا لیں اپنی چوکھٹ پر
مدینے سے جدا ہو کر کدھر جاؤں گا مَیں آقا ﷺ

تہی دامن ہوں لیکن خوشبوؤں کے ہاتھ پر آخر
دیا مدحت کا روشن ایک کر جاؤں گا مَیں آقا ﷺ

کھلونوں کے لئے بچے مرے بھی منتظر ہوں گے
ہوئی ہے شام، خالی ہاتھ گھر جاؤں گا مَیں، آقا ﷺ

صدا آئے گی مطلع نعت کا پھر سے ذرا کہنا
سرِ محشر، ثنا کرتے، جدھر جاؤں گا مَیں آقا ﷺ

ریاضِ بے نوا کے ہاتھ پر رکھ دیں کوئی سورج
سرِ شب یاس کی ظلمت سے ڈر جاؤں گا مَیں آقا ﷺ