تمام اشک سپردِ قلم کئے جائیں- تاجِ مدینہ (2017)
تمام اشک سپردِ قلم کئے جائیں
کتابِ دل میں ستارے رقم کئے جائیں
نقوشِ پائے نبی ﷺ کو سجا کے پلکوں پر
حریمِ دیدہ و دل کو حرم کئے جائیں
رہِ مدینہ سے کرنوں کے پھول چن چن کر
اندھیرے اپنے مقدّر کے کم کئے جائیں
نکل نہ پائیں کبھی بھی حصارِ مدحت سے
ہمیشہ وقفِ ثنا عمر ہم کئے جائیں
جو شہرِ ہجرِ نبی ﷺ میں ہیں آرزو کے جلوس
قدم قدم پہ انہیں ہمقدم کئے جائیں
حضور ﷺ ، ظرف ہی میرا ازل سے چھوٹا ہے
حضور ﷺ ، آپ ﷺ مسلسل کرم کئے جائیں
ادب کے جتنے مناظر ہیں اُن ﷺ کی چوکھٹ پر
ریاضؔ، چشمِ تمنا میں ضم کئے جائیں