سرکار ﷺ کی تہذیب و ثقافت کی طلب ہے- نصابِ غلامی (2019)
سرکار ﷺ کی تہذیب و ثقافت کی طلب ہے
انسانوں کو پھر اُن ﷺ کی قیادت کی طلب ہے
یارب! مری آنکھوں کے دیے بجھنے نہ پائیں
اُس چہرۂ انور کی تلاوت کی طلب ہے
سرکار ﷺ کی عظمت کے عَلَم لاکھوں کھُلیں گے
آقا ﷺ کے غلاموں کو قیامت کی طلب ہے
اخبار کا ہر لفظ اناؤں کا پیامی
پیغمبرِ ﷺ اعظم کی خطابت کی طلب ہے
ہر ملک کی سرحد پہ مفادات کے لشکر
سلطانِ مدینہ کی سفارت کی طلب ہے
فاروقِ معظمؓ کے قلمداں کو تلاشو
ٹھٹھرے ہوئے موسم کو حرارت کی طلب ہے
قانون ہے جنگل کا نئے دور میں رائج
کب مردہ ضمیروں کو صداقت کی طلب ہے
سردارِ مکرّم ﷺ کی شریعت ہے ضروری
پھر تاجِ مدینہ کی ریاست کی طلب ہے
تھک ہار کے بیٹھا ہوں ریاضؔ اپنے ہی گھر میں
اُس شہرِ منوّر کی مسافت کی طلب ہے