شام و سحر ثنائے امیر امم ﷺ کریں- نصابِ غلامی (2019)
شام و سحر ثنائے امیرِ امم ﷺ کریں
دنیا میں ایک کام یہی، ہم قلم کریں
موسم بہار کا رہے گھر میں مرے مقیم
مجھ پر حضور ﷺ اتنا زیادہ کرم کریں
اپنے تمام زندہ مسائل کو بھول کر
اشکوں سے اُن ﷺ کا اسمِ گرامی رقم کریں
جب بھی خیالِ خلدِ مدینہ کرے طواف
ارضِ بدن پہ چشمِ تمنا کو نم کریں
آلام و رنج و غم سے ملے گی ہمیں نجات
پڑھ کر درود اپنے بدن پر جو، دم کریں
الفاظ خوشنما سہی واعظ بہت مگر
قبلے کا رخ بھی جانبِ صحنِ حرم کریں
ہو گا تجھے نصیب حضوری کا رتجگا
اچھا ہے شامِ ہجر کی شدت کو کم کریں
ہر ہر قدم پہ کرتے چلیں جان و دل نثار
شہرِ رسولِ پاک ﷺ میں اتنا تو ہم کریں
اعزازِ لازوال چلو دیں انہیں ریاضؔ
افکارِ نو کو نعت کے لفظوں میں ضم کریں