بحرِ سخاوت، ابرِ شفاعت، مقطعٔ شب کی صبحِ سعادت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم- زر معتبر (1995)
بحرِ سخاوت، ابرِ شفاعت،
مقطعٔ شب کی صبحِ سعادت
صلی اﷲ علیہ وسلم، صلی اللہ علیہ وسلم
اسمِ مقدّس رُوحِ تمدن،
نقشِ کفِ پا جانِ ثقافت
صلی اﷲ علیہ وسلم، صلی اللہ علیہ وسلم
عالم کے سلطان وہی ہیں،
سدرہ کے مہمان وہی ہیں،
خالق کی پہچان وہی ہیں،
مالک کا احسان وہی ہیں،
فطرت کا عنوان وہی ہیں،
لوحِ یقیں کے حرفِ صداقت
صلی اﷲ علیہ وسلم، صلی اللہ علیہ وسلم
مقصدِ خلقِ ارض و سما ہیں،
زینتِ بزمِ حرف و صدا ہیں،
رونقِ صحنِ حسن و وفا ہیں،
سب سے نرالے سب سے جدا ہیں،
بابِ کرم ہیں، شہرِ دُعا ہیں،
عکسِ حقیقت، آیہ رحمت،
صلی اﷲ علیہ وسلم، صلی اللہ علیہ وسلم
نوعِ بشر کے رہبر وہ ہیں،
کون و مکاں کے محور وہ ہیں،
نُورِ خُدا کے مظہر وہ ہیں،
نبیوں کے بھی سرور وہ ہیں،
پیار کا ایک سمندر وہ ہیں،
صبحِ ازل کے مہرِ محبت،
صلی اﷲ علیہ وسلم، صلی اللہ علیہ وسلم
حُبِ خدا ہے جام اُنہیؐ کا
فیضِ ریاست عام اُنہیؐ کا،
ہادیٔ کامل نام اُنہیؐ کا،
اُلفت ہے پیغام اُنہیؐ کا،
شاعر یہ بے دام انہیؐ کا،
لایا ہے بس اشکِ ندامت،
صلی اﷲ علیہ وسلم، صلی اللہ علیہ وسلم