ہر ایک آئینے میں مدینے کا عکس ہو- نصابِ غلامی (2019)
ہر ایک آئنے میں مدینے کا عکس ہو
میلادِ مصطفیٰ ﷺ کے مہینے کا عکس ہو
انگشتِ زندگی کے حسیں ماہ و سال میں
حُبِّ نبی ﷺ کے سبز نگینے کا عکس ہو
اللہ کرے تمدن و تہذیبِ عصر میں
اُس شہرِ بے مثال کے زینے کا عکس ہو
میری بیاضِ نعت کے اوراقِ نور پر
خوش بخت ساعتوں کے خزینے کا عکس ہو
جنت کی وادیوں کے ہر اک سبزہ زار پر
آقا ﷺ ، فضائے نعت میں جینے کا عکس ہو
کشکولِ روز و شب میں جو سکّے گریں، حضور ﷺ
ان میں مرے ہی خون پسینے کا عکس ہو
میری ثنا کے آئنہ خانے میں آج بھی
لوح و قلم میں برپا شبینے کا عکس ہو
امواجِ عشقِ سیدِ لولاک ﷺ میں، ریاضؔ
طیبہ کے ساحلوں کے سفینے کا عکس ہو