ہر طرف اک حلقۂ میرِ امم ﷺ آباد ہے- نصابِ غلامی (2019)
ہر طرف اک حلقۂ میرِ امم ﷺ آباد ہے
ان ﷺ کے انفاسِ مصوّر سے حرم آباد ہے
آپ ﷺ کی توصیف کے طغرے ہیں ہر دیوار پر
آپ ﷺ کے فیضان سے شہرِ قلم آباد ہے
خاک میری ہے ازل سے کہکشاں کی ہمسفر
شہرِ جاں میں بھی فضائے محترم آباد ہے
میں کہ اک کاسہ بکف در پر کھڑا ہوں، یانبی ﷺ
آپ ﷺ کے دم سے مری آنکھوں کا نم آباد ہے
ہے گرفتِ شبنمی ہر حلقۂ زنحیر کی
اس اسیری میں مرا جاہ و حشم آباد ہے
رابطوں کا اذن مجھ کو دیجئے، آقا حضور ﷺ
میرے دل میں آپ ﷺ کا نقشِ قدم آباد ہے
حالتِ سجدہ میں رہتی ہے خدا کے رو برو
کلکِ توصیفِ پیمبر ﷺ کب صنم آباد ہے
آپ ﷺ کے مدحت نگاروں کا گروہِ خوش نوا
میرے پاکستان میں ہر ہر قدم آباد ہے
ان ﷺ کے اوصافِ حمیدہ سے ہے تر میری زباں
تشنہ لب پر سایۂ ابرِ کرم آباد ہے
میرے مشکیزے سلامت میرے ہاتھوں میں رہیں
دُور تک، سرکار، ﷺ صحرائے عدم آباد ہے
میں ریاضِؔ مفلس و نادار اب جاؤں کدھر
میری تختی پر، نبی جی ﷺ ، حرفِ غم آباد ہے