رنگ، خوشبو، پھول، شبنم، روشنی سب دل نشین- نصابِ غلامی (2019)
رنگ، خوشبو، پھول، شبنم، روشنی سب دلنشیں
موسمِ شہرِ نبی ﷺ ہے موسمِ خُلدِ بریں
ایک اک ذریّ کے لب پر ہے درودِ مصطفیٰ ﷺ
شہرِ دلآویز کے دیوار و در ہیں عنبریں
سیرت و کردار میں بے مثل ہیں میرے حضور ﷺ
آپ ﷺ جیسا کل جہاں میں دوسرا کوئی نہیں
آپ ﷺ ہی کی یاد ہے بس دیدۂ نمناک میں
آپ ﷺ ہی سرکار شہرِ جان و دل کے ہیں مکیں
آپ ﷺ محبوب ﷺ خدا ہیں آپ مطلوبِ جہاں
آپ ﷺ سب کے واسطے ہیں رحمۃ اللعالمیں ﷺ
آپ ﷺ ہر مخلوق کی تخلیق کی وجہِ عظیم
آپ ﷺ ہی نائب خدا کے ہیں شفیع المذنبیں ﷺ
آپ ﷺ ہی انسانِ کامل، آپ ﷺ ہی رحمت لقب
آپ ﷺ ہی سالارِ اعظم، آپ ﷺ ہی نورِ مبیں
آپ ﷺ کے نقشِ کفِ پا کی بدولت یانبی ﷺ
ہر گھڑی آباد دل میں ہے مری بزمِ یقیں
آپ ﷺ کے صدقے میں میری سجدہ ریزی ہو قبول
ہر گھڑی سجدے میں رہتی ہے مصلّے پر جبیں
منکشف ہو باغبانوں پر بھی یہ رازِ قدیم
جس جگہ نامِ نبی ﷺ لیں، پھول اگتے ہیں وہیں
جس نے چومے ہیں قدم میرے پیمبر ﷺ کے ریاضؔ
کس قدر خوش بخت ہے پھولوں بھری وہ سرزمیں
ہر قیادت آپ ﷺ کی مرہونِ منّت ہے ریاضؔ
قائدِ کون و مکاں ہیں وہ امام المرسلیں ﷺ