آسماں سے گفتگو: نعت ہے اک پیکرِ شعری درودِ پاک کا- اکائی (2018)

نعت
ہے اک پیکرِ شعری درودِ پاک کا
نعت
توصیفِ پیمبر ﷺ کے ہزاروں آفتاب
نعت
ہے تشنہ لبوں پر آبِ زم زم کا نزول
نعت
اربابِ قلم کے روز و شب کا ہے نصاب
نعت
اصحابِ نبی ﷺ کے عشق کا عکسِ جمیل
نعت
قرآں کے اجالوں کی ردائے محتشم
نعت
جیسے ہو ادب کے جگنوؤں کا کارواں
نعت
آقا ﷺ کی رعایا کے سروں کا تاج ہے
نعت
ہی ابرِ شفاعت، نعت ہی ابرِ کرم
نعت
محبوبِ خدا کی سیرتِ اطہر کا پھول
نعت
اوصافِ نبی ﷺ کی خوشبوؤں کا بانکپن
نعت
آقائے مکرم ﷺ کا مسلسل تذکرہ
نعت
آدابِ غلامی کا سکھاتی ہے سبق
نعت
پڑھیئے اس طرح جیسے نبی ﷺ ہوں سامنے
نعت
سنیئے اس طرح جیسے ہو دربارِ نبی ﷺ
نعت
لکھیئے آسماں سے گفتگو کرتے ہوئے