اشکوں کی سلامی: آپ ﷺ! شہرِ علم ہیں، یاسیدی، یا مرشدی- اکائی (2018)
آپ ﷺ !
شہرِ علم ہیں، یاسیدی، یا مرشدی
آپ ﷺ !
معبودِ حقیقی کے حقیقی ہیں رسول ﷺ
آپ ﷺ !
نے روشن کئے سینوں میں توحیدی چراغ
آپ ﷺ !
کے نقشِ قدم میں روشنی ہی روشنی
آپ ﷺ !
کا دامن بصیرت کے چراغوں کا وطن
آپ ﷺ !
ہر تخلیق کی خلقت کا ہیں باعث بنے
آپ ﷺ !
کی توصیف کی خاطر بنے لوح و قلم
آپ ﷺ !
کی مدحت نگاری میرا سرمایہ تمام
آپ ﷺ !
ارضِ جاں کے تنہا حکمراں ہیں یانبی ﷺ
آپ ﷺ !
کی سیرت چراغِ رہگذر ہے تا ابد
آپ ﷺ !
کے ہے دم قدم سے دلکشی ہی دلکشی
آپ ﷺ !
کے انفاس کی خوشبو سے مہکے ہیں چمن
آپ ﷺ !
کے دامانِ رحمت میں کرم کی رم جھمیں
آپ ﷺ !
ہر تخلیق کے ہونے کی ہیں بیّن دلیل
آپ ﷺ !
کا اسمِ گرامی راحتِ قلب و جگر
آپ ﷺ !
کے دستِ دعا پر امن کی تحریر ہے
آپ ﷺ !
پر رحمان اور اس کے فرشتوں کا درود
آپ ﷺ !
پر ایمان والوں کو بھی ہے حکمِ درود
آپ ﷺ !
کے آداب لاتے ہیں بجا ارض و سما
آپ ﷺ !
ہی اُس کے رسولوں او رنبیوں کے امام
آپ ﷺ !
محبوبِ خدائے آسماں ہیں بالیقین
آپ ﷺ !
ختم المرسلیں ﷺ ہیں آپ ﷺ تکمیلِ بشر
آپ ﷺ !
نے نافذ کیا ہے عدل کا روشن نظام
آپ ﷺ !
نے تہذیب ذہنوں کی بھی کی ہے یانبی ﷺ
آپ ﷺ !
نے جڑ سے اکھاڑا جرم کے ہر پیڑ کو
آپ ﷺ !
نے مسند جلا دی ہر کسی فرعون کی
آپ ﷺ !
کیجئے میرے اشکوں کی سلامی بھی قبول