میرے پاکستان کو سچ مچ کا پاکستان کر- کتابِ التجا (2018)

قریۂ عشق محمدؐ کا مجھے سلطان کر
یعنی قصرِ شاہ کا ادنیٰ سا اک دربان کر

ہر گھڑی مصروف رکھ مدحت نگاری میں مجھے
نعت کی تخلیق کا ہر مرحلہ آسان کر

خوشبوؤں نے آج بھی باندھا ہے سامانِ سفر
شہرِ سرکارِ دو عالمؐ کا مجھے مہمان کر

ہر قدم پر عظمتِ ماضی کی چمکے روشنی
میرے پاکستان کو سچ مچ کا پاکستان کر

داخلی ہر راستہ مسدود ہے میرے خدا!
آج بھی جاری زمیں پر آج کا فرمان کر

اس کو بھی برجِ تکبر سے کبھی نیچے اتار
آج کے فرعون کو تُو آج کا انسان کر
اپنے بچّوں کو وراثت میں مَیں دوں گا آفتاب
مجھ کو بھی یارب! غلامِ صاحبِ قرآن کر

ناسمجھ! سورج ہتھیلی پر غلامی کا سجا
نعت لکھ کر اہلِ فن کو آج بھی حیران کر

آسمانی ہر صحیفے میں محاسن آپؐ کے
تُو کتابِ زندگی کا، آپؐ کو عنوان کر

دامنِ دل میں سجا نقشِ قدم سرکارؐ کے
اپنی بخشش کا ریاضِ خوشنوا سامان کر