سلام: حضور ﷺ، حرفِ معطر سلام کرتے ہیں- ورد مسلسل (2018)
حضور ﷺ ، حرفِ معطر سلام کرتے ہیں
چراغِ شامِ منوّر سلام کرتے ہیں
مری غزل کے پرندوں کا رَقْص جاری ہے
مرے سخن کے کبوتر سلام کرتے ہیں
حضور ﷺ ، گنبدِ خضرا کو گھر کے سب بچے
ادب سے ہاتھ اٹھا کر سلام کرتے ہیں
حضور ﷺ ، گھر کی کنیزیں درود پڑھتی ہیں
یہ بام و در بھی مکرّر سلام کرتے ہیں
کلی کلی کے ہیں لب پر ثنا کی تحریریں
افق افق مہ و اختر سلام کرتے ہیں
صدا سے پہلے ہی جن کو غنی کیا ہے، حضور ﷺ
گداگروں کے وہ لشکر سلام کرتے ہیں
کسی کی نَسْل کے لب پر کھلے ہوئے ہیں گلاب
کسی کے اشک بھی شب بھر سلام کرتے ہیں
یہ ابر خاکِ عجم پر برسنے سے پہلے
حضور ﷺ ، آپ ﷺ کے در پر سلام کرتے ہیں
خدا کے ساتھ ملائک درود پڑھتے ہیں
تمام حسن کے پیکر سلام کرتے ہیں
فضائیں آپ ﷺ کا ذکرِ جمیل کرتی ہیں
خلا کے نیلگوں منظر سلام کرتے ہیں
مرے وطن کی ہواؤں کے ہاتھ میں ہیں چراغ
مرے وطن کے سمندر سلام کرتے ہیں
سجا کے لائے ہیں طشتِ ہنر میں ہم آنکھیں
حضور ﷺ ، آپ ﷺ کے نوکر سلام کرتے ہیں
مرے رسول ﷺ رسولوں کے پیشوا ہیں ریاضؔ
درِ نبی ﷺ پہ پیمبر سلام کرتے ہیں