دنیا میں صدرِ بزمِ رسالت وہی تو ہیں- ورد مسلسل (2018)
دنیا میں صدرِ بزمِ رسالت وہی تو ہیں
پہلی اور آخری بھی قیادت وہی تو ہیں
اُن ﷺ کے سوا نجات دہندہ کوئی نہیں
ہر خیر کے عمل کی اقامت وہی تو ہیں
اُن ﷺ کے نقوشِ پا کی ہے خیرات زندگی
آدم کی نسل کی قد و قامت وہی تو ہیں
بندے بھی ہیں خدا کے، خدا کے رسول بھی
سب سے بڑی جہاں میں صداقت وہی تو ہیں
شہرِ قلم ہے اُن ﷺ کی بصیرت کا خوشہ چیں
ارض و سما میں نورِ بصارت وہی تو ہیں
اُن ﷺ کے درِ عطا سے بھریں جھولیوں میں پھول
مخلوق میں خدا کی سفارت وہی تو ہیں
کچلے ہوئے بشر کا سہارا مرے رسول ﷺ
ہر اک غریبِ شہر کی طاقت وہی تو ہیں
وہ ﷺ جانِ کائنات ہیں، وہ ﷺ روحِ شش جہات
ایمان کی دلوں میں حرارت وہی تو ہیں
ہر آدمی نبی ﷺ کا وسیلہ کرے تلاش
نورِ یقین، نورِ فراست وہی تو ہیں
مکتب کی جان کون ہے اُن ﷺ کے سوا ریاضؔ
حسنِ کلام، حسنِ بلاغت وہی تو ہیں
دامن تہی کھڑے ہیں سرِ حشر ہم ریاضؔ
بخشش کی، مغفرت کی ضمانت وہی تو ہیں