مَیں آئنوں کا سمندر تلاش کرتا ہوں- ورد مسلسل (2018)
(مدینہ منورہ میں لکھی گئی)
مَیں آئنوں کا سمندر تلاش کرتا ہوں
حضور ﷺ ، اپنا مقدر تلاش کرتا ہوں
قدم قدم پہ مرا دل دھڑکنے لگتا ہے
مَیں چشمِ شوق کے گوہر تلاش کرتا ہوں
مَیں شہرِ نور کے شفاف راستوں کو، حضور ﷺ
دیارِ روح کے اندر تلاش کرتا ہوں
مَیں صحنِ مسجدِ نبوی میں با ادب ہوکر
گداز و سوز کے پیکر تلاش کرتا ہوں
سلگتی ریت پہ عزمِ بلالؓ کی ٹھنڈک
قدم قدم پہ وہ منظر تلاش کرتا ہوں
مرے حضور ﷺ کے قدموں کو چومنے والے
احد پہاڑ کے پتھر تلاش کرتا ہوں
مَیں اپنے خواب کی تعبیر دیکھنا چاہوں
حضور ﷺ ، چھوٹا سا اک گھر تلاش کرتا ہوں
جوارِ گنبدِ خضرا کے میں قریب ریاضؔ
نقوشِ پائے پیمبر ﷺ تلاش کرتا ہوں