زندہ عمل میں رکھو شریعت حضور ﷺ کی- ورد مسلسل (2018)

زندہ عمل میں رکھو شریعت حضور ﷺ کی
محشر کے بعد بھی ہے حکومت حضور ﷺ کی

ہوں سنتِ خدائے مقدّس پہ کاربند
قرآں کے ہر ورق پہ ہے مدحت حضور ﷺ کی

عشقِ نبی ﷺ میں ڈوبنے کی آرزو کرو
سرمایۂ حیات ہے الفت حضور ﷺ کی

ہر دور یارسول ﷺ کا نعرہ کرے بلند
ہر دور کو رہے گی ضرورت حضور ﷺ کی

میری بساط کیا ہے بساطِ حیات پر
ممکن نہیں بیان ہو عظمت حضور ﷺ کی

محشر کے دن بھی ہاتھ میں تھی نعت کی بیاض
میری تلاش میں رہی رحمت حضور ﷺ کی
دنیا کے بادشاہوں کو شاید خبر نہیں
اب حشر تک رہے گی قیادت حضور ﷺ کی

اک آدمی کا قتل ہے انسانیت کا قتل
ہر ہر افق پہ لکھّو عبارت حضور ﷺ کی

زر امتحاں ہے امتِ سرکار ﷺ کا، ریاضؔ
زر کے پجاریوں میں ہے امت حضور ﷺ کی