قرآں کے لفظ لفظ میں مذکور کون ہے- ورد مسلسل (2018)

قرآں کے لفظ لفظ میں مذکور کون ہے
انسانیت کا آخری منشور کون ہے

کس کے نقوشِ پا سے فروزاں ہوئی دھنک
تقسیمِ رنگ و نور پہ مامور کون ہے

کس نے غلام زادوں کو دارائی بخش دی
روزِ ازل سے ثروتِ جمہور کون ہے

وہ کون دستگیر ہوا ہے شبِ الم
ٹوٹے ہوئے قلوب میں مستور کون ہے

اُس کا ہی نام ہے زرِ اخلاص کی مثال
عفو و کرم کا سرمدی دستور کون ہے

آنکھوں میں ہے غبارِِ رہِ مصطفیٰ ﷺ کا نور
انوارِ شش جہات سے معمور کون ہے

دیکھی ہیں مَیں نے شہرِ پیمبر ﷺ کی رونقیں
تہذیبِ نو کے حسن سے مسحور کون ہے

زنجیر پا ریاضؔ ہیں اپنی ندامتیں
ورنہ نبی ﷺ کے شہر سے اب دور کون ہے