زمینِ زرد کو کالی گھٹائیں آپ ﷺ دیتے ہیں- ورد مسلسل (2018)
زمینِ زرد کو کالی گھٹائیں آپ ﷺ دیتے ہیں
جلے موسم کو بھی تازہ ہوائیں آپ ﷺ دیتے ہیں
مَیں ان بجھتے چراغوں سے سرِ شب روشنی مانگوں
کہ جب سورج کو بھی روشن عبائیں آپ ﷺ دیتے ہیں
سوا نیزے پہ خورشید مصائب جب دہک اٹھے
برہنہ سر پہ شفقت کی ردائیں آپ ﷺ دیتے ہیں
چھپا کر اپنی کملی میں لگا لیتے ہیں سینے سے
سنا ہے یوں بھی مجرم کو سزائیں آپ ﷺ دیتے ہیں
ابھی تک ہے ہوائے وادیٔ طائف بھی شرمندہ
غضب کی سنگ باری میں دعائیں آپ ﷺ دیتے ہیں
ریاضِؔ بے نوا کی بے نوائی پر سرِ مقتل
شہا، ابرِ محبت کی قبائیں آپ ﷺ دیتے ہیں