اک نمونہ آپ ﷺ ہیں ساری خدائی کے لیے- ورد مسلسل (2018)
اک نمونہ آپ ﷺ ہیں ساری خدائی کے لیے
فقر لازم ہے غلاموں پر گدائی کے لیے
مرکزی نقطہ خدائی کا ہیں محبوبِ خدا
حرفِ آخر ہیں وہ ﷺ امت کی اکائی کے لیے
ہتھکڑی اپنی غلامی کی مجھے پہنایئے
کون آیا ہے مدینے میں رہائی کے لیے
یامحمد ﷺ مصطفی اب آپ ﷺ کے در کے سوا
کس طرف دیکھے کوئی مشکل کشائی کے لیے
دست بستہ، با ادب، احرام میں لپٹا ہوا
باوضو ہر لفظ ہے مدحت سرائی کے لیے
دم بخود ہے عقل بیچاری، سرِ ریگِ رواں
عشق ہی کافی ہے میری رہنمائی کے لیے
اس صدی میں عہد نامہ امن کا تحریر ہو
آپ ﷺ آئے ہیں جہاں میں مصطفائی کے لیے
یہ سراسر ہے منافی اسوۂ سرکار ﷺ کے
کام جو کرتے ہیں اپنی خود نمائی کے لیے
ظلمتِ شب سے بھلا تائید کیا چاہوں ریاضؔ
روشنی اتری ہے میری ہمنوائی کے لیے