مادرِ ملت- ارض دعا
قائداعظم کی ہمشیرہ، ہمارا ہو سلام
یاد کرتے ہیں تجھے ارضِ محبت کے عوام
سیرت و کردار میں تو بے مثال و بے نظیر
تُو دیارِ آرزو میں بامِ رفعت کی سفیر
آج بھی ہے قریۂ جاں میں ترا اونچا مقام
قائداعظم کی ہمشیرہ، ہمارا ہو سلام
یاد کرتے ہیں تجھے ارضِ محبت کے عوام
ملکِ پاکستان کی تاریخ کا چہرہ ہے تُو
عزمِ تعمیر وطن کا آہنی لہجہ ہے تُو
راہِ حق میں حرفِ استقلال ہے تیرا پیام
قائداعظم کی ہمشیرہ، ہمارا ہو سلام
یاد کرتے ہیں تجھے ارضِ محبت کے عوام
ہر قدم، ثابت قدم تُو مادرِ ملت، رہی
آزمائش کی گھڑی میں پیکرِ جراتٔ رہی
آج بھی اپنے لہو میں حوصلوں کا ہو قیام
قائداعظم کی ہمشیرہ، ہمارا ہو سلام
یاد کرتے ہیں تجھے ارضِ محبت کے عوام
ذرہ ذرہ ارضِ پاکستاں کا تابندہ رہے
یہ وطن، میرا وطن، تیرا وطن زندہ رہے
پھول برساتی رہے بادِ خنک اس پر مدام
قائداعظم کی ہمشیرہ، ہمارا ہو سلام
یاد کرتے ہیں تجھے ارضِ محبت کے عوام
حشر تک برسیں فلک سے سرمدی کرنوں کے پھول
حشر تک تیری لحد پہ رحمتوں کا ہو نزول
حشر تک پیرو جواں تیرا کریں گے احترام
قائداعظم کی ہمشیرہ، ہمارا ہو سلام
یاد کرتے ہیں تجھے ارضِ محبت کے عوام