الوداع یا رسول اللہ الوداع- زر معتبر (1995)
الوداع اے سیّدی یا مُرشدی
الوداع اے رحمتوں والے نبیؐ
الوداع اُمّی لقب، اعلیٰ نسب
الوداع اے روشنی اے روشنی
الوداع اے خواجۂ کون و مکاں
الوداع اے جَان جانانِ جہاں
چھوڑنا چوکھٹ کو مشکل ہَے حضُورؐ
اُٹھ کے جاؤں بھی تو اب جاؤں کہاں
الوداع اے دونوں عالم کی بہار
الوداع اے نسلِ آدم کے وقار
الوداع اے بزمِ قُدرت کے چراغ
الوداع اے رحمتِ پروردگار
پھر حصارِ ہجر میں کھو جاؤں گا
دامنِ تقدیر میں سو جاؤں گا
پھر اُجالوں سے نکل کر یا نبیؐ
مَیں اندھیروں کا ہدف ہو جاؤں گا
معدنِ جودو عطا اب الوداع
پیکرِ فقر و غنا اب الوداع
الوداع اے رحمتہ اللعالمِیں
مخزنِ صدق و صفا اب الوداع
الوداع اے نُورِ اقلیمِ حرا
الوداع اے رونقِ صحنِ دُعا
الوداع اے باغِ ہستی کے جواز
الوداع اے مرسلِ ارض و سما
الوداع اے نازشِ پیغمبراں
الوداع اے حامیٔ بیچارگاں
الوداع اے حُرمتِ لوح و قلم
الوداع اے سربراہِ مقبلاں
دست بستہ عرض کرتا ہوں حضُورؐ
حکم ہے تو پھر چلا جاتا ہُوں دور
اِلتجا ہے اے شہنشاہِ اُممؐ
زندگی میں پھر بھی ہو پھیرا ضرور
رحمتِ حق کا مسلسل ہے نزول
کیجئے میرا بھی نذرانہ وصول
واقفِ آدابِ طیبہ ہی نہیں
پھر بھی ہو یہ حاضری میری قبُول
اپنے شاعر کو اجازت دیجئے
اِس کے اشکوں کی سلامی لیجئے
یہ ریاضِ بے نوا مجرم سہی
مشکلیں آسان اس کی کیجئے
الوداع اے ثروتِ اہلِ نظر
الوداع آفاق پر پھیلی سحر
الوداع اب تابشِ حرفِ یقیں
الوداع اب سرورِ جن و بشر!