نعت پڑھتی رہتی ہیں خوشبوئیں مدینے کی- کلیات نعت

نعت پڑھتی رہتی ہیں خوشبوئیں مدینے کی
نعت سے معطر ہیں وسعتیں مدینے کی

تیرتی ہیں آنکھوں میں صحبتیں مدینے کی
آنسوؤں کی لڑیاں ہیں نعمتیں مدینے کی

ذرہ ذرہ گلیوں کا انؐ کا نام جپتا ہے
صبح و شام برپا ہیں محفلیں مدینے کی

پتا پتا آنگن میں انؐ کی نعت پڑھتا ہے
نعت لے کے آتی ہے برکتیں مدینے کی

لمحہ لمحہ رگ رگ میں دوڑتی ہے یاد انؐ کی
دل میں یوں سمائی ہیں دھڑکنیں مدینے کی

دل میں پھول کھلتے ہیں اور آنکھ میں شبنم
مجھکو یاد آتی ہیں رونقیں مدینے کی

زندگی کے صحرا میں، حشر کی تمازت میں
مجھکو ڈھانپ لیتی ہیں رحمتیں مدینے کی

دل کے پار نورانی قافلے گذرتے ہیں
دل کے پار جلتی ہیں مشعلیں مدینے کی

ہے پہنچتا قربت کی اوج تک غلام انؐ کا
آسماں سے آگے ہیں رفعتیں مدینے کی

*