ثنا حضورؐ کی تحریر روشنی کی ہے- آبروئے ما (2014)
ثنا حضورؐ کی تحریر روشنی کی ہے
مری غلامی کی زنجیر روشنی کی ہے
بیاضِ نعت کے الٹو ورق سرِ مکتب
ہر ایک حرف ہی تصویر روشنی کی ہے
مری سرشت میں شامل ہیں چاند کی کرنیں
تمام فن مرا تفسیر روشنی کی ہے
ہر ایک خواب ہے روشن غبارِ طیبہ میں
ہر ایک خواب کی تعبیر روشنی کی ہے
اندھیرے میرے قلم سے بھی خوف کھاتے ہیں
مجھے ملی ہے جو جاگیر روشنی کی ہے
مرے سجود میں سوز و گداز کی مشعل
مری نماز کی تکبیر روشنی کی ہے
نقوشِ پائے محمدؐ سے ہے مری نسبت
ریاضؔ نعت کی تاثیر روشنی کی ہے