یامحمدؐ، علم کا ہر ہر گہر ہے آپؐ کا- کائنات محو درود ہے (2017)

یا محمدؐ، علم کا ہر ہر گہر ہے آپؐ کا
شاخِ جان و دل کا بھی ہر ہر ثمر ہے آپؐ کا

وہ خدا ہے، آپؐ محبوبِ خدا ہیں، یا نبیؐ
ہر حوالے سے حوالہ معتبر ہے آپؐ کا

بس خدائے آسماں کو ہر گھڑی سجدہ کرو
یا نبیؐ، پیغام کتنا مختصر ہے آپؐ کا

اِس کی راہوں میں سجا دوں اپنی آنکھوں کے چراغ
میرے آقائے مکرمؐ، نامہ بر ہے آپؐ کا

اس اندھیری رات میں امت کو ڈر ہو کیا، حضورؐ
ایک اک آنسو چراغِ رہگذر ہے آپؐ کا

آپؐ کا اسمِ گرامی آبروئے ما، حضورؐ
تذکرہ، یا مصطفیؐ، شام و سحر ہے آپؐ کا

وسعتِ افلاک میں یا سیدیؐ یا مرشدیؐ!
پیکرِ انوار و نکہت جلوہ گر ہے آپؐ کا

آپؐ کی اقلیمِ رحمت سرحدیں رکھتی نہیں
ہر جہانِ رنگ و بو، خیرالبشرؐ! ہے آپؐ کا

ٹوٹ کر برسی ہے رحمت کی گھٹا، جانِ ریاضؔ
کیا مقدر ہے کہ مجھ سا بے ہنر ہے آپؐ کا