اپنے بندوں کے لئے جائے اماں بھی ہے وہی- لامحدود (2017)
آسمانوں کا خدائے مہرباں بھی ہے وہی
ہر زماں، ہر ہر جہاں کا حکمراں بھی ہے وہی
وہ جو ذہنوں میں جلاتا ہے تجسس کے چراغ
ان چراغوں کا حقیقی پاسباں بھی ہے وہی
وہ جو دیتا ہے دعائوں کو اثر کا ضابطہ
ہر گھڑی میرے پسِ وہم و گماں بھی ہَے وہی
شعلۂ جاں کا محافظ ہے فقط ربِّ قدیر
دھوپ میں جلتے ہوئوں کا سائباں بھی ہے وہی
ایک اک ذرّہ خدا کے حکم کا پابند ہے
مالکِ ارض و سما مختارِ جاں بھی ہَے وہی
اپنی رحمت کی ردائیں بانٹتا رہتا ہے وہ
اپنے بندوں کے لئے جائے اماں بھی ہے وہی
صرف طاقت کا ہے سر چشمہ خدائے ذوالجلال
ہر جہاں میں قوتِ ہر ناتواں بھی ہَے وہی
راستہ سیدھا دکھاتا ہے وہ ہر مخلوق کو
شاہدِ عادل، خدائے مرسلاں بھی ہے وہی
پتھروں کو گفتگو کا فن بھی سکھلاتا ہے وہ
قادرِ مطلق، خدائے اِنس و جاں بھی ہے وہی
خوشۂ گندم سے بھرتا ہے جو دامانِ ریاضؔ
اپنی ہر مخلوق کا روزی رساں بھی ہے وہی