تُو مکتب کے قلمداں پر مرے مولا! کرم کرنا- لامحدود (2017)
مرے حالِ پریشاں پر مرے مولا کرم کرنا
ہر اک تارِ گریباں پر مرے مولا کرم کرنا
اداسی ہی اداسی ہے یہاں ہر ایک منظر میں
برستی چشمِ حیراں پر مرے مولا کرم کرنا
شبِ غم میں کسی جگنو کو بھی اڑنے نہیں دیتے
وطن کے میر و سلطاں پر مرے مولا کرم کرنا
کسی نے چھین لی ہے میرے سب کھیتوں کی ہریالی
مرے خونِ رگِ جاں پر، مرے مولا کرم کرنا
ندامت ہی ندامت ہے، ندامت ہی ندامت ہے
شب و روزِ مسلماں پر، مرے مولا کرم کرنا
امڈ آئی ہے شامِ کرب پھر شامِ حوادث میں
ہوا کے جلتے داماں پر، مرے مولا کرم کرنا
مرے بچّوں سے چھینی جاچکی ہیں تختیاں کب سے
تُو مکتب کے قلمداں پر، مرے مولا کرم کرنا
اثاثے میرے آباء کے سرِ بازار آ پہنچے
پسِ در میرے ساماں پر، مرے مولا کرم کرنا
بغاوت پر ہے آمادہ کوئی بزمِ تخیل میں
مرے اندر کے انساں پر مرے مولا کرم کرنا
یزیدِ وقت نے خیمے جلا ڈالے ہیں بستی میں
مری شامِ غریباں پر مرے مولا کرم کرنا
شگوفے جل رہے ہیں باغبانوں کی حماقت سے
غلاموںکے گلستان پر، مرے مولا کرم کرنا
منافق ساعتوں کی اب پذیرائی کا موسم ہے
غلامی کے دبستان پر، مرے مولا کرم کرنا
ریاضِ بے نوا کی کون سنتا ہے محلّے میں
مرے حرفِ پشیماں پر، مرے مولا کرم کرنا