مستقل: تیری ربوبیت کے ہیں پرچم کھُلے- لامحدود (2017)

مستقل
تیری ربوبیت کے ہیں پرچم کھُلے
مستقل
تیری الوہیت محیطِ روز و شب
مستقل
تیری حکومت ہے ازل سے تا ابد
مستقل
لب پر ثنا و حمد کی کلیاں کھلیں
مستقل
ٹھہرے مرے ہر آئنے میں روشنی
مستقل
میرا تخیل بھی ہو مصروفِ طواف

مستقل
مَیں ملتزم پر ہی رہوں محوِ دعا
مستقل
میزابِ رحمت کے تلے دامن رہے
مستقل
اسود کے بوسے لوں وفورِ شوق سے
مستقل
کعبے کی دیواروں سے مَیں لپٹا رہوں
مستقل
احرام تیری عظمتوں کا ہو نصیب
مستقل
شہرِ محبت کا ملے گرد و غبار
مستقل
حُبِّ نبیؐ کے آسماں کی کہکشاں
مستقل
عشقِ نبیؐ کی دے مجھے بادِ خنک
مستقل
آنکھیں مری دیوار طیبہ پر رہیں
مستقل
اُنؐ کے تصُّور میں رہے میرا خیال
مستقل
دیوار و در پڑھتے رہیں اُنؐ پر درود
مستقل
لب پر ثنائے احمدِؐ مختار ہو
مستقل
اولادِ آدم کو تحفظ کی ردا
مستقل
امن و اماں کی اپسرائیں ہوں مقیم
مستقل
ارضِ ہنر پر پربتوں کا سائباں
مستقل
کھیتوں میں میرے روشنی اگتی رہے
مستقل
جمہور کے چہرے پہ ہو ا برِ بہار
مستقل
مفلوج ہوں اہلِ ہوس کے بال و پر
مستقل
افکارِ تازہ کی قلم پر بارشیں
مستقل
مجھ کو شعورِ بندگی میرے خدا
مستقل
ہو میرے سجدوں میں گداز و سوز بھی
مستقل
مجھ کو عطا ہو روشنی محراب کی
مستقل
کشکول میں سکّے ہوں رحمت کے ہزار
مستقل
بنجر زمینوں پر رہے ا برِ کرم
مستقل
کلکِ ادب لکھتی رہے تیری ثنا
مستقل
انصاف کا پرچم ہو میرے ہاتھ میں
مستقل
حرفِ تشکر میرے ہونٹوں پر رہے