ہوائیں نامِ محمدؐ ادب سے لیتی ہیں- دبستان نو (2016)

ازل سے میری اجالوں سے ہمنشینی ہے
ازل سے اسمِ گرامی کی ہَے دھنک روشن
ازل سے خِلعتِ انوار میں قلم ہَے مرا
ازل سے لوحِ ثنا پر چراغ جلتے ہیں
ازل سے سبز پرندے درود پڑھتے ہیں
ازل سے تتلیاں، جگنو سلام کہتے ہیں
ازل سے چاند، ستارے، ہوائیں رقص میں ہیں
ازل سے خوشبوئیں گھر گھر چراغ رکھتی ہیں
ازل سے کِشتِ تخیل میں پھول کھلتے ہیں

ازل سے راستے شہرِ نبیؐ کے روشن ہیں
ازل سے نعتِ پیمبرؐ مرے لبوں پر ہَے

ہوائیں نامِ محمدؐ ادب سے لیتی ہیں
کہ جامِ سبز گھنے بادلوں کو دیتی ہیں