صبا ثنائے نبی ﷺ صبح و شام کرتی ہے- تاجِ مدینہ (2017)
صبا ثنائے نبی صبح و شام کرتی ہے
ثنا گروں کا بہت احترام کرتی ہے
حریمِ نطق میں رہتا ہے رتجگوں کا ہجوم
کہ میری نعت بھی مجھ سے کلام کرتی ہے
گلاب ہاتھ میں لے کر کھڑے ہیں سب بچے
حضور ﷺ میری شفق بھی سلام کرتی ہے
درود پڑھ کے سرِ محفلِ ثنائے نبی ﷺ
ہوا چراغ جلانے کا کام کرتی ہے
بفیضِ نعتِ پیمبر ﷺ مری گلی میں ریاضؔ
ہوائے خلدِ مدینہ قیام کرتی ہے