12 ربیع الاول- روشنی یا نبی ﷺ (2018)
قدرت نے، روشنی کے قلم سے، لکھا ہے دن
کتنا عظیم، ارض و سما کو ملا ہے دن
تاریخِ کائنات کی سب سے بڑی ہے رات
تاریخِ کائنات کا سب سے بڑا ہے دن
ہر سمت روشنی کے تسلسل کا راج ہے
یہ روزِ عید بزمِ رسالت کا تاج ہے
اِس کی جبیں پہ صبحِ سعادت کا نور ہے
صلِّ علیٰ کا ورد ہوائوں میں آج ہے
حسنِ کلام، حسنِ شریعت لیے ہوئے
حرفِ دعا میں اذنِ شفاعت لئے ہوئے
رخصت نہ ہوگی صحنِ چمن سے کبھی بہار
آئے حضور ﷺ خوشبوئے جنت لئے ہوئے
دستِ عطا میں نورِ ہدایت کی ہے کتاب
ہر لفظ آپ کا ہے ہمارے لیے نصاب
ہر علم دست بستہ ہے اُن ﷺ کی جناب میں
سرکار ﷺ ہر سوال کا ہیں آخری جواب
سر پر کھڑی ہے عصرِ پریشاں کی کربلا
یہ کیا فراتِ عشق کا پانی اتر گیا
کب سے حصارِ تشنہ لبی میں زمین ہے
آقا حضور ﷺ، چشمِ کرم کی ہے التجا