نعتیہ نظم- زر معتبر (1995)
عجز کی آخری سرحد پہ کھڑا ہے بندہ
عشقِ معبودِ حقیقی کی رما کر دھونی
ایک گلزار سرِ بزمِ نگارِ رحمت
ایک تمثیل کہ کردار ہیں جس کے زندہ
اُسؐ کے تذکار سے روشن ہے ازل کا سینہ
اُسؐ کے افکار سے مہکا ہے ابد کا گلشن
اُسؐ کے ہر عکس سے پھوٹی ہے اُجالوں کی کرن
اُسؐ کی کملی ہے کہ انوارِ درخشاں کی مثال
گُنگناتا ہوا دریا ہے محبت کا وہی
مُسکراتا ہُوا وہؐ طاقِ صداقت کا چراغ
نغمۂ جود و سخا ہے سرِ مضرابِ یقین
اُس کا ہر نقش ہے تفسیرِ حیاتِ ابدی
اُس کا دامانِ کرم سارے زمانوں پہ محیط
بُجھتی آنکھوں کو بھی منظر وہؐ سہانے دے گا
میرے ہر لفظ کو معنی کے خزانے دے گا