تشنہ بہت ہے مٹی آقا ﷺ مرے بدن کی- روشنی یا نبی ﷺ (2018)
میری ہے التجا ہو تحسین میرے فن کی
آقا ﷺ، چراغ بانٹے خوشبو مرے سخن کی٭
کھل کر ضرور برسے ابرِ عطا و بخشش
تشنہ بہت ہے مٹی، آقا ﷺ، مرے بدن کی
ٹھنڈی ہوا ادھر سے آتی نہیں ہے آقا ﷺ
صورت بدل گئی ہے کب سے مرے وطن کی
شاخوں پہ اب پرندے آکر نہیں چہکتے
دنیا اجڑ چکی ہے آقا ﷺ مرے چمن کی
کوئی اداس ہو کر بستی سے جا رہا ہے
اترن ملے کسی کو سرکار ﷺ پنجتن کی
میں نے سلام بیھجا ہے عاشق نبی ﷺ کو ٭٭
ٹھنڈی ہوا ملے گی مجھ کو ابھی قرن کی
٭ افطاری سے قبل مسجد نبوی میں لکھی گئی ٭٭ اویس قرنی ؓ