نعتیہ ماہیے- روشنی یا نبی ﷺ (2018)
سرکار بلائیں گے
طیبہ کے گلستاں میں
ہم لوگ بھی جائیں گے
ہم جان لٹائیں گے
طیبہ کی ہواؤں کو
سینے سے لگائیں گے
دامن کو بچھائیں گے
آقا ﷺ جی کی چوکھٹ پر
یہ نعت سنائیں گے
اک دیپ جلائیں گے
اس نام کی خوشبو کو
ہر دل میں بسائیں گے
گھر بار سجائیں گے
اک روز مدینے کے
سلطان بھی آئیں گے
دیوانہ بھی آ جائے
اے کاش مدینے سے
پیغام صبا لائے
قسمت کو جگائیں گے
رخصت کی گھڑی آئے
سرکار ﷺ بھی آئیں گے
دامن ہے تہی اپنا
توصیف و ثنا اُن ﷺ کی
سرمایہ یہی اپنا
یاد آپ ﷺ جو آتے ہیں
شب پلکوں کے آنگن میں
ہم دیپ جلاتے ہیں
محشر کی گھڑی آئی
اس دھوپ سے کیا ڈرنا
رحمت کی گھٹا چھائی