کبھی ہم بے نواؤں کو ملے حکمِ سفر آقا ﷺ - روشنی یا نبی ﷺ (2018)

کرم کیجئے، کرم کیجئے، کرم بارِ دگر آقا ﷺ
کبھی ہم بے نواؤں کو ملے حکمِ سفر آقا ﷺ

نظر آقا ﷺ، مسلسل جاں نثاروں پر نظر آقا ﷺ
کوئی جگنو، کوئی تتلی، کوئی نغمہ، گہر آقا ﷺ
دعاؤں، التجاؤں میں اثر آقا ﷺ اثر آقا ﷺ
مدینے کا تصور ہو ہمارا ہمسفر آقا ﷺ

کرم کیجئے، کرم کیجئے، کرم بارِ دگر آقا ﷺ
کبھی ہم بے نواؤں کو ملے حکمِ سفر آقا ﷺ

مدینے کی تڑپ میں رات دن آنسو بہاتے ہیں
درودوں کو لبِ تشنہ پہ ہر لمحہ سجاتے ہیں
در و دیوار طیبہ کو دل و جاں میں بساتے ہیں
کرم کی منتظر ہے آج شاخِ بے ثمر آقا ﷺ

کرم کیجئے، کرم کیجئے، کرم بارِ دگر آقا ﷺ
کبھی ہم بے نواؤں کو ملے حکمِ سفر آقا ﷺ

تصور ہم کو لے جائے مدینے کی بہاروں میں
کبھی ہم سانس لیں خلدِ نبی ﷺ کے مرغزاروں میں
درِ سرکار ﷺ پر لطف و کرم کی آبشاروں میں
ہمارا اشکِ تر ہے، ہر چراغِ رہگذر آقا ﷺ

کرم کیجئے، کرم کیجئے، کرم بارِ دگر آقا ﷺ
کبھی ہم بے نواؤں کو ملے حکمِ سفر آقا ﷺ

مؤدب ہوں بوقتِ حاضری ارض و سما والے
مؤدب ہوں بوقتِ حاضری رب کی رضا والے
مؤدب ہوں بوقتِ حاضری سب مصطفیٰ ﷺ والے
حیاتِ چند روزہ ہو مدینے میں بسر آقا ﷺ

کرم کیجئے، کرم کیجئے، کرم بارِ دگر آقا ﷺ
کبھی ہم بے نواؤں کو ملے حکمِ سفر آقا ﷺ