لبِ تشنہ کی اے پیاسی دعاؤ! دو گھڑی رکنا- روشنی یا نبی ﷺ (2018)
مدینے کی طرف جاتی ہواؤ! دو گھڑی رکنا
نبی ﷺ کے گیت گاتی اپسراؤ! دو گھڑی رکنا
سلامِ شوق کہنا باوضو ہو کر پیمبر ﷺ سے
حضورِ حسن رکھ دینا مرے نغمے معطر سے
ملانا ہاتھ بڑھ کر تو وہاں صبحوں کے منظر سے
خرامِ عجز کر جانا، صبا، شہر منوّر سے
لبِ تشنہ کی اے پیاسی دعاؤ! دو گھڑی رکنا
مدینے کی طرف جاتی ہواؤ! دو گھڑی رکنا
نبی ﷺ کے گیت گاتی اپسراؤ! دو گھڑی رکنا
یہ کہنا یارسول اللہ، بڑی نادان ہے امت
سرِ مقتل، سرِ کرب و بلا ہلکان ہے امت
کئی صدیوں سے آقاجی ﷺ، بہت ویران ہے امت
ہوئی جرمِ ضعیفی سے بہت بے جان ہے امت
قفس میں ہر پرندے کی نواؤ! دو گھڑی رکنا
مدینے کی طرف جاتی ہواؤ! دو گھڑی رکنا
نبی ﷺ کے گیت گاتی اپسراؤ! دو گھڑی رکنا
میں لکھ لوں آشیانوں پر ثنائے مرسلِ آخر ﷺ
میں لکھ لو شامیانوں پر ثنائے مرسلِ آخر ﷺ
میں لکھ لوں آسمانوں پر ثنائے مرسلِ آخر ﷺ
میں لکھ لوں بادبانوں پر ثنائے مرسلِ آخر ﷺ
مری کشتی کے بزدل ناخداؤ! دو گھڑی رکنا
مدینے کی طرف جاتی ہواؤ! دو گھڑی رکنا
نبی ﷺ کے گیت گاتی اپسراؤ! دو گھڑی رکنا
مرے اشکوں کے گجرے تم سجانا اُن ﷺ کی چوکھٹ پر
مرے احولِ روز و شب بتانا اُن ﷺ کی چوکھٹ پر
شبِ ہجراں کے نالے بھی سنانا اُن ﷺ کی چوکھٹ پر
چراغِ آرزو جھک کر جلانا اُن ﷺ کی چوکھٹ پر
کسی مظلوم کے گھر کی صداؤ! دو گھڑی رکنا
مدینے کی طرف جاتی ہواؤ! دو گھڑی رکنا
نبی ﷺ کے گیت گاتی اپسراؤ! دو گھڑی رکنا
سرِ مقتل کھڑی ہے نسلِ آدم، یارسول اللہ ﷺ
نگوں ہے عظمتِ رفتہ کا پرچم، یارسول اللہ ﷺ
ہوائے گلستان کب سے ہے برہم، یارسول اللہ ﷺ
لہو میں ڈوب کر لکھے ہیں کالم، یارسول اللہ ﷺ
فضا میں امن کی اے فاختاؤ! دو گھڑی رکنا
مدینے کی طرف جاتی ہواؤ! دو گھڑی رکنا
نبی ﷺ کے گیت گاتی اپسراؤ! دو گھڑی رکنا
مرے آنسو بھی لے جانا، مری آنکھیں بھی لے جانا
مری بے نور سی روتی ہوئی راتیں بھی لے جانا
درِ سرکارِ طیبہ پر مری سوچیں بھی لے جانا
ثنائے آب میں ڈوبی ہوئی نعتیں بھی لے جانا
افق پر جھومتی کالی گھٹاؤ! دو گھڑی رکنا
مدینے کی طرف جاتی ہواؤ! دو گھڑی رکنا
نبی ﷺ کے گیت گاتی اپسراؤ! دو گھڑی رکنا