مدینے کے تصور میں قلم بھی رقص فرمائے- روشنی یا نبی ﷺ (2018)
دعا کرنا، مرے ہمدم! بلاوا اب کے بھی آئے
مقدّر کا ستارا روشنی کے پھول برسائے
مبارک باد بچے لے کے آئیں میرے کمرے میں
چمن کی خوشبوئیں میلہ لگائیں میرے کمرے میں
چراغِ آرزو لے کر ہوا آنگن میں لہرائے
وفورِ شوق سے آنکھیں چھلک اٹھیں سرِ محفل
مرے گھر کی منڈیروں پر اتر آئے مہِ کامل
مدینے کے تصور میں قلم بھی رقص فرمائے
مرے دیوان نعتوں کے بھی میرے ساتھ جائیں گے
فرشتے محفلِ میلاد میں مصرع اٹھائیں گے
مرا دل خود بھی تڑپے، اہلِ محفل کو بھی تڑپائے
دعا کرنا، مواجھے کی فضاؤں میں، میں کھو جاؤں
درودوں کے لئے گجرے سرِ انوار سو جاؤں
مری امید کا دامن مرے اشکوں سے بھر جائے
لپٹ جاؤں میں ہر زائر کے قدموں سے ہوا بن کر
مدینے کے کبوتر گفتگو مجھ سے کریں شب بھر
کسی صورت مرے الفاظ کی صورت نہ گہنائے
میں تصویرِ ادب بن کر رہوں قدمَین کی جانب
درودوں کی ہوا مہکے شہِ کونین کی جانب
لہو کا ایک اک قطرہ ثنا کے لفظ دہرائے
دعا کرنا، مرے ہمدم! بلاوا اب کے بھی آئے
مقدّر کا ستارا روشنی کے پھول برسائے