خدا کا نام لیتا ہوں میں ہر اک کام سے پہلے- نصابِ غلامی (2019)
خدا کا نام لیتا ہوں میں ہر اک کام سے پہلے
درودِ پاک پڑھتا ہوں نبی ﷺ کے نام سے پہلے
کشیدہ کاریوں میں آج بھی مصروف ہیں آنکھیں
قصیدہ اُن ﷺ کا اشکوں سے لکھوں گا شام سے پہلے
قلم جھک کر بجا آداب لائے میرے آقا ﷺ کے
ادب کی تختیوں پر، آپ ﷺ کے پیغام سے پہلے
کرم اُن ﷺ کا ہے ہر مخلوق پر سایہ فگن لوگو!
مرے سرکار ﷺ آئیں گے مرے انجام سے پہلے
مرے ساقی! میں تشنہ لب ہوں صدیوں سے سرِ محفل
مدینے کی دعا دینا مجھے بھی جام سے پہلے
قبیلے کے قبیلے کو اُنہیں ﷺ کے در پہ رہنا ہے
مرا بھی فیصلہ سن لو صلائے عام سے پہلے
امیرِ شہر سے کہنا سند لا دے مدینے سے
چکائے قرض میرا بھی، قلم کے دام سے پہلے
وہی تخلیقِ اوّل ہیں خدائے عرشِ اعظم کی
وہی ہیں آخری مرسل ﷺ ، شبِ الہام سے پہلے
کتابوں میں غلامی کے یہی آداب لکھّے ہیں
میں حاضر ہوں، نبی جی ﷺ ، آپ ﷺ کے احکام سے پہلے
خدا کا فضل برسے گا تمہاری خشک کھیتی پر
پکارو یا رسول اﷲ ﷺ کسی اقدام سے پہلے
تشخّص اُن ﷺ کی امت کا سرِ شب بیچنے والو!
اثاثہ قیمتی ہے، سوچنا، نیلام سے پہلے
ریاضؔ اپنی ہتھیلی پر چراغِ دل سجایا ہے
اجالا اُن ﷺ کا ہوتا ہے مرے اوہام سے پہلے