کھولو کتاب عشقِ رسالت مآب ﷺ کی- نصابِ غلامی (2019)
کھولو کتاب عشقِ رسالت مآب کی
آئے گی آج رقص میں خوشبو گلاب کی
آقا حضور ﷺ ، آپ ﷺ کے در پر بصد نیاز
خیرات مانگتی ہے کرن آفتاب کی
ہر ہر ورق پہ چاند ستارے کریں ہجوم
یہ روشنی ہے آپ ﷺ کی مدحت کے باب کی
آقا ﷺ ، مرے تمام جرائم معاف ہوں
مجرم سے درگذر کی ہے عادت جناب ﷺ کی
دنیا حصارِ فتنہ و شر میں ہے مطمئن
صورت کوئی ہو آدمی کے احتساب کی
ہم بد نصیب قوم کے افراد ہیں، حضور ﷺ
روداد کیا بیاں ہو شبِ اضطراب کی
تہذیبِ نو ضمیر کی قیدی نہیں رہی
بنیاد شہرِ عِلم ہے ہر انقلاب کی
جب تک رہیں گے جرمِ ضعیفی میں مبتلا
سر پر رہیں گی گونجتی صدیاں عذاب کی
محشر میں کِھل رہے ہیں ثنائے نبی ﷺ کے پھول
تحسین ہو رہی ہے مرے انتخاب کی
یثرب کی بچیوں کے مقلّد ہیں نعت گو
خوشبو بکھر گئی ہے اسی انتساب کی
امت کی کشتیوں کو جلا کر ہے سو گیا
ڈوبیں ریاضؔ کشتیاں خانہ خراب کی
مولائے کل کے سیرت و کردار میں ریاضؔ
بکھری ہوئی ہے چاندنی ام الکتاب کی