سر کے بل، در پر، چلے آئے، بہت اچھا کیا- ورد مسلسل (2018)
سر کے بل، در پر، چلے آئے، بہت اچھا کیا
شکر مولا کا بجا لائے، بہت اچھا کیا
وہ مدینے کا سفر، آنکھوں میں ساون کی جھڑی
ہر قدم پر اشک برسائے، بہت اچھا کیا
ہر گلی میں، ہر قدم پر، عشق کی محراب کو
پیرہن سجدوں کے پہنائے، بہت اچھا کیا
خاکِ طیبہ کا کفن، اپنے مقدّر میں کہاں
خاک آنکھوں میں چھپا لائے، بہت اچھا کیا
کیا بھروسہ سانس کی ڈوری کا اے عمرِ رواں
آپ ﷺ کی چوکھٹ سے ہو آئے، بہت اچھا کیا
اونچی اونچی ممٹیوں کے گھر بنا لیتے تو کیا
نعت گو، آقا ﷺ کے، کہلائے، بہت اچھا کیا
کتنی نسلوں کے لہو کی پرورش کا ہے کمال
جگمگاتے تاج ٹھکرائے، بہت اچھا کیا
لب کشائی کی کہاں جرأت غلاموں میں، حضور ﷺ
طشت میں آنسو سجا لائے، بہت اچھا کیا
نعمتیں اللہ کی تقسیم کرتے ہیں حضور ﷺ
اُن ﷺ کے در پر ہاتھ پھیلائے، بہت اچھا کیا
مَیں نے اکثر شامِ تنہائی کی جلتی آگ میں
آپ ﷺ کے فرمان دہرائے، بہت اچھا کیا
ہم اویسی قافلے سے دور کب تھے، ہمسفر!
راستے اپنوں کے اپنائے، بہت اچھا کیا