ذکرِ جمیل ہر گھڑی گلبار آپ ﷺ کا- ورد مسلسل (2018)
ذکرِ جمیل ہر گھڑی گلبار آپ ﷺ کا
آقا حضور ﷺ ، نام ہے منٹھار آپ ﷺ کا
محشر کا دن ہے، ساقیٔ کوثر ﷺ ، قدم قدم
مَیں ڈھونڈتا ہوں سایۂ دیوار آپ ﷺ کا
ہر ہر افق پہ آپ ﷺ کا خورشید ضوفشاں
ہر ہر ورق پہ مہکا ہے گلزار آپ ﷺ کا
طیبہ نگر ہے قریۂ انوارِ محتشم
ارض و سما کا حسن ہے کردار آپ ﷺ کا
ظلماتِ شرک و کفر کے لیل و نہار سے
شاعر رہے گا برسرِ پیکار، آپ ﷺ کا
یہ لوگ اپنے قول میں سچے نہیں رہے
اور پھر بھی نام لیتے ہیں سرکار ﷺ ، آپ ﷺ کا
ہر ہر قدم پہ زندہ مسائل کے باوجود
پیشِ نظر رہا ہے چمن زار آپ ﷺ کا
آقا ﷺ ، کرم کے پھول مری شاخ پر کھلیں
آقا ﷺ ، لقب ہے احمدِ مختار آپ ﷺ کا
روئے زمین پہ رحمتِ پروردگار سے
سب سے بڑا، حضور ﷺ ، ہے دربار آپ ﷺ کا
ملتی رہے گی چاند ستاروں کو روشنی
روشن رہے گا مرکزِ انوار آپ ﷺ کا
کب سے ریاضؔ در پہ کھڑا ہے کرم کرم
جائے کہاں، حضور ﷺ ، طلب گار آپ ﷺ کا