ہنگامۂ حیات میں چارہ گری کریں- ورد مسلسل (2018)

ہنگامۂ حیات میں چارہ گری کریں
آقا حضور ﷺ ، میری مدد آج بھی کریں

ہر سانس میں درود کے جگنو کریں قیام
ذکرِ رسولِ پاک کریں ہر گھڑی کریں

حمدِ خدا کے بعد سرِ شامِ آرزو
آقا ﷺ ، کریں تو صرف ثنا آپ ﷺ کی کریں

ہر سال جب بھی صبحِ سعادت طلوع ہو
جتنی بھی ہو سکے مرے بچے خوشی کریں

تھوڑا سا رنگ گنبدِ خضرا سے مانگ کر
ہر شاخِ احترامِ پیمبر ﷺ ہری کریں

خوشیوں کا آفتاب بھی نکلے کبھی حضور ﷺ
کب تک غلام آپ ﷺ کے نوحہ گری کریں

اعزاز کس قدر ہے بڑا، سوچئے ذرا
آقائے کائنات ﷺ کی ہم نوکری کریں

لوگو! تمہیں تلاش ہے امن و سکون کی
سردارِ انبیائ ﷺ کی چلو پیروی کریں

معمور ہو جو اسم محمد ﷺ کے نور سے
شہرِ غزل میں ایسی کھری شاعری کریں

اُن ﷺ کے نقوشِ پائے قناعت ملیں کبھی
بازارِ زر میں زر کی طلب میں کمی کریں

ٹھہریں گے محترم سرِ محشر بھی ہم ریاضؔ
اس زندکی کو وقفِ ثنائے نبی ﷺ کریں

*

منکر نکیر مجھ سے لحد میں کریں سوال
یارب! بیاضِ نعت ہو ہر، لب کشا مری