نامِ نبی ﷺ لیا تو کھِلے روشنی کے پھول- ورد مسلسل (2018)

نامِ نبی ﷺ لیا تو کھِلے روشنی کے پھول
میرے قلم کو بھی ہیں ملے آگہی کے پھول

اُن ﷺ کے نقوشِ پا کی مسلسل تلاش میں،
نکلے ہوئے فلک پہ بھی ہیں چاندنی کے پھول

آبِ خنک سے چھاگلیں بھی آشنا نہیں
کب سے مرے لبوں پہ ہیں تشنہ لبی کے پھول

اکیسویں صدی کے شب و روز میں، حضور ﷺ
میرے گلے کا ہار بنے بے بسی کے پھول

سلکِ دعا میں اشک پروئے کئی ہزار
ہر ہاتھ میں ہیں آج بھی نوحہ گری کے پھول

انسان خود کشی کے دہانے پہ ہے، حضور ﷺ
دامانِ التجا میں ملیں شانتی کے پھول
خوشبو، ازل سے آپ ﷺ کے در کی کنیز ہے
آقا ﷺ ، قبول کیجئے میری گلی کے پھول

جھونکے ہوائے عدل کے، سرکارِ دو جہاں ﷺ
دنیا کے ہر غریب کو دیں گے خوشی کے پھول

محشر کے روز بھی درِ فردوس پہ ریاضؔ،
لایا ہوں طشتِ عشق میں نعتِ نبی ﷺ کے پھول