عروسِ صبحِ نو کے لب پہ ذکرِ مصطفی ﷺ ہوگا- ورد مسلسل (2018)

عروسِ صبحِ نو کے لب پہ ذکرِ مصطفی ﷺ ہوگا
چمن کو سبز کرنوں کا حسیں موسم عطا ہوگا

نجاتِ دائمی اس کا مقدّر بن گئی کیسے
ہماری مغفرت پر حشر کے دن تبصرہ ہوگا

غلاموں پر کرم فرما رہے ہیں آپ ﷺ دنیا میں
غلاموں کا لحد میں بھی اُنہی ﷺ سے رابطہ ہوگا

ہر اک لمحے کے سر پر تاج ہوگا اُن ﷺ کی رحمت کا
ہر اک ساعت کے ماتھے پر کرم کا دائرہ ہوگا

شبِ اسرا خلا کی وسعتوں میں فرطِ حیرت سے
فلک کا ہر ستارا نقشِ پا کو چومتا ہوگا

وہ ہر منگتے کے ہاتھوں پر عطا کے پھول رکھیں گے
سرِ محشر شفاعت کا درِ اقدس کھُلا ہوگا
فقط اسمِ نبی ﷺ تھا گلفشاں کل شب جہاں مَیں تھا
کتابِ دیدہ و دل کے ورق کا حاشیہ ہوگا

جلیں گے ہر دریچے میں چراغِ مدحتِ آقا ﷺ
فضا میں روشنی کا سلسلہ در سلسلہ ہوگا

مرے بچّوں کے سر پر شامیانہ خوشبوؤں کا ہے
گلابِ نعتِ ختم المرسلیں گھر میں کھِلا ہوگا

تلاطم خیز موجوں سے یہ کہنا آج کی شب بھی
پھٹے کاغذ کی کشتی کا خدا ہی ناخدا ہوگا

صفِ ماتم بچھی ہے بے یقینی کی سرِ مقتل
مقدّر میں ہمارے انخلا در انخلا ہوگا

ریاضؔ اب کے برس بھی اذن پاؤں گا حضوری کا
ریاضؔ امشب بھی آنگن میں سخن کا رتجگا ہوگا