گہر ہی گہر ہے ثنائے محمد ﷺ - ورد مسلسل (2018)

گہر ہی گہر ہے ثنائے محمد ﷺ
ثمر ہی ثمر ہے ثنائے محمد ﷺ

قلم کے مقدّر کا کیا پوچھتے ہو
قلم کا سفر ہے ثنائے محمد ﷺ

مجھے اہلِ دنیا سے مطلب نہیں ہے
کہ شام و سحر ہے ثنائے محمد ﷺ

بھلا روشنی کیا کسی سے مَیں مانگوں
چراغوں کا گھر ہے ثنائے محمد ﷺ

دمِ مرگ خالی نہیں ہاتھ میرے
کہ زادِ سفر ہے ثنائے محمد ﷺ

کبھی تشنگی کی شکایت نہ ہو گی
زباں پر اگر ہے ثنائے محمد ﷺ
نظر میں عروسِ غزل کیا سمائے
کہ پیشِ نظر ہے ثنائے محمد ﷺ

عطا کی ہے بستی مدینے کی بستی
کرم کا نگر ہے ثنائے محمد ﷺ

ریاضؔ اپنے منصب پہ خوشیاں مناؤ
مری چشمِ تر ہے ثنائے محمد ﷺ