اہلِ دنیا تو ہیں بے مروت دل تمہارا دکھاتے رہیں گے- ورد مسلسل (2018)
اہلِ دنیا تو ہیں بے مروت دل تمہارا دکھاتے رہیں گے
کملی والے کا دامن پکڑ لو سارے دکھ درد جاتے رہیں گے
انتہا ہے کرم کی نہ کوئی، نہ عطا کی، نہ بخشش کی کوئی
اُن ﷺ کی رحمت کے پھولوںسے ہم بھی جھولیاںبھرکے لاتے رہیں گے
اس تمنا میں گذرے عمریا، آپ ﷺ تشریف لائیں گے اِک دن
آپ ﷺ کی رہگذاروں میں ہم بھی چشمِ پُرنم بچھاتے رہیں گے
زندگی ہو لحد ہو کہ محشر یہ غلامانِ ابن غلاماں
آپ ﷺ کا نام لیتے رہیں گے، آپ ﷺ کے گیت گاتے رہیں گے
روح کو چین آئے گا کیسے، باغِ جنت کے دیوار و در میں
بعد مرنے کے بھی یا محمد ﷺ آپ ﷺ کے در پہ آتے رہیں گے
یہ ریاضؔ آپ ﷺ کا ایک شاعر، عرض کرتا ہے رو رو کے آقا ﷺ
دستِ رحمت اٹھا کر یہ کہہ دیں اس کو پھر بھی بلاتے رہیں گے