نعتِ نبیؐ کی جوت جگاؤں گا دیکھنا- زر معتبر (1995)
نعتِ نبیؐ کی جوت جگاؤں گا دیکھنا
بختِ رسا کے ناز اُٹھاؤں گا دیکھنا
ذوقِ نمو کی ناچتی رہتی ہیں تتلیاں
کشتِ دعا میں پھول اُگاؤں گا دیکھنا
شاداب ساعتوں سے کروں گا میں دوستی
کلیوں سے صحنِ جاں کو سجاؤں گا دیکھنا
نقشِ قدومِ پاک پہ رکھوں گا دھڑکنیں
سینے سے بام و در کو لگاؤں گا دیکھنا
حسانِؐ بامراد کے مرقد پہ جھوم کر
شمعٔ حروفِ عشق جلاؤں گا دیکھنا
دیکھوں گا جشمِ تر سے حرم کی زمین کو
میں رتجگے حرا میں مناؤں گا دیکھنا
کہدوں گا سِسکیوں میں کہانی فراق کی
تصویرِ دشتِ ہجر دکھاؤں گا دیکھنا
لکھوں گا میں ریاضؔ قصیدہ سرِ غزل
تحسین و داد آپؐ سے پاؤں گا دیکھنا