جمالِ محمد ﷺ، جلالِ محمد ﷺ - ورد مسلسل (2018)
جمالِ محمد ﷺ ، جلالِ محمد ﷺ
نگاہوں کا مرکز ہے آلِ محمد ﷺ
درودوں کے جگنو لہو میں اڑے ہیں
کہ آیا ہے دل میں خیالِ محمد ﷺ
وہی ہر صدی کے ہیں سالارِ اعظم ﷺ
جو آئے گا ہو گا وہ سالِ محمد ﷺ
ابد تک اڑے گا پھریرا اُنہی ﷺ کا
ابد تک چلے گی مشعالِ محمد ﷺ
ذرا ضبط سے کام لیں میری آنکھیں
کہ چمکے گا دل پر ھلالِ محمد ﷺ
نہ کیوں رشک ان پر کریں چاند تارے
ہر اک لفظ میں ہے جمالِ محمد ﷺ
تعارف میں اتنا ہی کافی رہے گا
غلامِ غلامانِ آلِ محمد ﷺ
اگر اسُ نے پوچھا کہ کیا چاہتے ہو
کروں گا خدا سے سوالِ محمد ﷺ
تعلّی سہی، یہ حقیقت نہیں کیا
کہ ہوں شاعرِ بے مثالِ محمد ﷺ
ریاضؔ آج بھی رقص میں آئے خوشبو
پڑھے نعت بادِ شمالِ محمد ﷺ